کمٹہ 9/نومبر (ایس اونیوز) قریبی سیاحتی علاقہ گوکرن کے چوڈگیری کے قریب پہاڑی سے مٹی نکالنے کے دوران کنارے کھڑے مٹی کے ٹھیکیدار پر اچانک پہاڑی کا ایک حصہ گرپڑنے سے ٹھیکیدار کی مٹی کے نیچے دب جانے سے موت واقع ہوگئی۔ حادثہ منگل کو پیش آیا۔
مرنے والے کی شناخت انکولہ کے سیلیا قصبہ کے موہن داس ایس نائک (56) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ٹھیکیدار کی ہدایت پر متعلقہ پہاڑی پر مٹی نکالنے کا کام جاری تھا اور ٹھیکیدار کنارے کھڑے ہوکرجے سی بی کو ہدایات دے رہا تھا جس کے دوران اچانک پہاڑی کا ایک حصہ ڈھل کر سیدھے ٹھیکیدار کے اوپر ہی گرگیا اور نتیجتاً ٹھیکیدار مٹی کے نیچے دب کر ہلاک ہوگیا۔
مہلوک کو بیوی اور دو بچے ہیں۔
گوکرن پی ایس آئی نوین نائک نے اطلاع ملتے ہی اپنے عملہ کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ کر جائزہ لیا، انہوں نے بتایا کہ جگہ کے مالک اور جے سی بی مشین کو چلانے والے کے خلاف لاپرواہی برتنے اور مناسب احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے پر شکایت درج کروائی جائے گی۔
اس موقع پر مقامی عوام نے پی ایس آئی سے درخواست کی کہ وہ اس بات کا بھی پتہ لگائیں کہ متعلقہ پہاڑی سے مٹی نکالنے کےلئے متعلقہ محکمہ سے اجازت لے کر مٹی نکالی جارہی تھی یا غیر قانونی طور پر مٹی نکالی جارہی تھی۔
گوکرن پولس اس تعلق سے معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔